حاجرہ یامین کا شوبز میں آنے والی لڑکیوں کو اصولوں پر قائم رہنے کا مشورہ
کراچی: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ حاجرہ یامین نے شوبز میں قدم رکھنے والی نئی لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اصولوں پر قائم رہیں اور ضرورت پڑنے پر ’نہیں‘ کہنے سے نہ ہچکچائیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے حاجرہ یامین کا کہنا تھا کہ اداکاری محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک جذباتی ذمہ داری ہے، اسی لئے وہ ہر کردار کے انتخاب میں انتہائی احتیاط سے کام لیتی ہیں، ایک بار کسی جذبے یا کردار کو نبھانے کے بعد وہ اسے دوبارہ اسی انداز میں دہرانا پسند نہیں کرتیں۔
انہوں نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں فنکاروں پر بڑھتے ہوئے کام کے دباؤ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ مسلسل مصروف شیڈول کے باعث معیاری مواد کی تخلیق متاثر ہوتی ہے حالانکہ انڈسٹری میں باصلاحیت فنکاروں کی کوئی کمی نہیں۔
حاجرہ یامین نے اپنی پیشہ ورانہ شناخت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی صلاحیت کے بل بوتے پر مقام حاصل کیا ہے اور کبھی کسی مخصوص آن سکرین جوڑی کا حصہ بن کر اپنی شناخت قائم کرنے کی کوشش نہیں کی۔
اداکارہ نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ آنے والی نسل کی لڑکیوں کیلئے ایک مضبوط ورثہ چھوڑیں اور زیادہ سے زیادہ خواتین کے ساتھ تخلیقی منصوبوں پر کام کریں، انہوں نے شوبز میں قدم رکھنے والی نئی لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اصولوں پر قائم رہیں اور ضرورت پڑنے پر ’نہیں‘ کہنے سے نہ ہچکچائیں۔
اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے حاجرہ یامین نے کہا کہ کامیاب خواتین کو اکثر غیرمعمولی سمجھ لیا جاتا ہے جبکہ حقیقت میں وہ بھی عام انسان ہوتی ہیں جن کے خواب اور جدوجہد دیگر لوگوں کی طرح ہوتی ہے۔
انہوں نے خواتین کے تحفظ اور صنفی مساوات کے حوالے سے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو سب سے پہلے اپنے گھر میں محفوظ ماحول ملنا چاہیے کیونکہ مضبوط خاندانی تعاون ہی انہیں معاشرے کے دیگر چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بناتا ہے۔