موسلادھار بارشوں کا خدشہ، بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے آج سے منگل کے دوران موسلادھار بارشوں کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، مقامی ندی نالوں اور برساتی ریلوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
موسمی صورتحال کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی مضبوط مرطوب ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی اور زیریں علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ ایک مغربی لہر بھی ملک کے مختلف حصوں پر اثر انداز ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، جنوب مشرقی پنجاب، بالائی سندھ اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب، بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔
سب سے زیادہ بارش اوکاڑہ میں 29 ملی میٹر، بارکھان میں 13 ملی میٹر، بابوسر میں 8 ملی میٹر، گڑھی دوپٹہ میں 5 ملی میٹر، گوپس میں 4 ملی میٹر، بنجی میں 3 ملی میٹر جبکہ سیالکوٹ، ژوب، خضدار، سکردو، چلاس، استور، مالم جبہ اور کالام میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 46، سبی میں 45، جبکہ نوکنڈی، دالبندین، شہید بینظیر آباد اور دادو میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
آج مختلف شہروں میں درجہ حرارت کیا رہا؟
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آج اسلام آباد میں 37، بہاولپور 40، ڈی جی خان 39، ملتان 39، ڈی آئی خان 40، پشاور 39، بنوں 39، سکھر 41 اور مظفرآباد میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments