اپنی چھت، محفوظ چھت پروگرام: 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض دینے کا اعلان

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے ’اپنی چھت، محفوظ چھت‘ پروگرام کے تحت شہریوں کو اپنا گھر تعمیر کرنے کے لیے 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسان کا خواب ہوتا ہے کہ اس کا اپنا گھر ہو، کیونکہ اپنی چھت انسان کو تحفظ، سکون اور اطمینان کا احساس دلاتی ہے۔

انہوں نے لاہور کے علاقے کاہنہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کاہنہ نے مجھے بہت بے چین کیے رکھا ہے، جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین کا درد سمجھتی ہوں۔

مریم نواز شریف نے امید ظاہر کی کہ ’اپنی چھت، محفوظ چھت‘ پروگرام کے آغاز کے بعد پنجاب میں کسی خاندان کے گھر کی کمزور چھت اس کی خوشیاں نہیں چھینے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت شہریوں کو گھر کی تعمیر کے لیے 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا، قرض 9 سال کی مدت کیلئے دیا جارہا ہے، قرض لینے والے کو پہلے 3 ماہ اقساط ادا نہیں کرنا ہوگی، بعدآزاں ہر ماہ 4 ہزار 700 روپے کی قسط ادا کرنا ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد عوام کو بہتر رہائشی سہولتیں فراہم کرنا اور انہیں باعزت زندگی گزارنے کے مواقع دینا ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیح دیتے ہوئے ایسے اقدامات جاری رکھے گی جو عام شہری کی زندگی میں حقیقی بہتری لائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...