والد کی خدمت نے مجھے بے شمار نعمتوں اور کامیابیوں سے نوازا: نادیہ خان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ والد کی خدمت اور ان کی خواہشات کا خیال رکھنے کی بدولت اللہ تعالیٰ نے انہیں زندگی میں بے شمار نعمتوں، برکتوں اور کامیابیوں سے نوازا۔

نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے نادیہ خان نے بتایا کہ ان کا پختہ یقین ہے کہ انہیں زندگی میں جو کچھ بھی ملا، اس میں والد کی خدمت کا بڑا حصہ شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد جب بھی سفر کرتے ہیں تو ہمیشہ اکانومی کلاس کی ٹکٹ لیتے ہیں، لیکن وہ ہر بار اسے بزنس کلاس میں اپ گریڈ کر دیتی ہیں، وہ شاید اپنے لیے ایسا نہ کریں، مگر اپنے والد کے لیے ضرور کرتی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد اب عمر رسیدہ ہو چکے ہیں، لیکن آج بھی انہیں وہ تمام مواقع یاد ہیں جب انہوں نے ان کا خیال رکھا اور انہیں سہولت فراہم کی، اللہ تعالیٰ نے والد کی خدمت کا انہیں بہت اجر عطا کیا ہے۔

نادیہ خان نے مزید بتایا کہ ان کے والد کی خواہش تھی کہ ریٹائرمنٹ کے بعد مری میں رہائش اختیار کریں، تاہم بچوں کی شادیوں کے اخراجات کے باعث وہ اپنا یہ خواب پورا نہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ دبئی سے واپسی کے بعد ان کے والد نے رمضان مری میں گزارنے کی خواہش ظاہر کی، وہاں قیام کے دوران ہوٹلوں کی مہنگی قیمتوں اور صفائی کی خراب صورتحال دیکھ کر انہوں نے فیصلہ کیا کہ والد کے لیے ایک مستقل رہائش خریدی جائے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعد ازاں انہوں نے بھوربن میں اپنے والد کے لیے ایک کاٹیج خریدا، جس کا نام ابا کاٹیج رکھا، ان کے والد آج بھی وہاں جانا پسند کرتے ہیں اور اکثر اپنا وقت اسی کاٹیج میں گزارتے ہیں۔

نادیہ خان نے والدین کی خدمت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہت کم بچے اپنے والدین کی خواہشات کو یاد رکھتے اور انہیں پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، حالانکہ والدین اپنی زندگی بھر اپنی خوشیوں اور ضروریات کو اولاد کے لیے قربان کر دیتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...