آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی کی تمام شکایات پر کھلی سماعت کی جائے: بلاول بھٹو

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی کی تمام شکایات پر کھلی سماعت کی جائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر آزاد کشمیر کے پہلے انتخابی مرحلے کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انتخابات کے پہلے مرحلے کی ساکھ اور کریڈیبلٹی کا فیصلہ اس بات سے ہوگا کہ انتخابی عمل میں انصاف، شفافیت اور غیرجانبداری کو کس حد تک یقینی بنایا جاتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن دو اگست سے قبل انتخابی دھاندلی سے متعلق موصول ہونے والی تمام شکایات کی کھلی عدالت میں سماعت کرے تاکہ عوام کا انتخابی عمل پر اعتماد بحال رہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پولنگ سٹیشنوں کے نتائج، بیلٹ پیپرز اور دیگر انتخابی ریکارڈ بھی عوام کے سامنے پیش کرے تاکہ تمام شکوک و شبہات کا خاتمہ ہو سکے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری کسی ایک سیاسی جماعت کو کامیاب کرانا نہیں بلکہ کشمیر کے عوام کے ووٹ کا تحفظ اور انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

ان کا زور دے کر کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کسی کے احسان کی طلبگار نہیں بلکہ صرف اپنے آئینی اور جمہوری حق کا مطالبہ کر رہی ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ ان کی جماعت کا واحد مطالبہ صاف، شفاف، آزاد اور غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہے تاکہ آزاد کشمیر کے عوام کی حقیقی رائے کا احترام یقینی بنایا جا سکے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...