ن لیگ نئے صوبوں پر جلد فیصلہ کر کے اپنا مؤقف سامنے لائے گی: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نئے صوبوں کے معاملے پر جلد فیصلہ کرکے بیان دے گی، پارٹی کی اتوار کو ہونے والی میٹنگ میں بھی نئے صوبوں کے معاملے پر بات ہوگی۔

دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نئے صوبوں کے حوالے سے جلد اپنا فیصلہ سامنے لے آئے گی۔

بلاول بھٹو زرداری کے ٹک ٹاک پر حکومت مخالف بیانات کے ردعمل میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو ایک سنجیدہ لیڈر کے طور پر سامنے آنا چاہیے، ان کے مشیر اور پارٹی انہیں ٹک ٹاک کا لیڈر بنانا چاہتے ہیں تو یہ پیپلزپارٹی کی بدقسمتی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو بڑی پارٹی کے چیئرمین ہیں، معلوم نہیں ان کے مشیر ان سے کیا کروا رہے ہیں، ٹک ٹاک پر یہ کہنا کہ آوازیں آ رہی ہیں، یہ کون سی سنجیدگی ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت مستحکم ہے اور اسے کوئی خطرہ نہیں، ہمیں یقین ہے کہ کچھ نہیں ہونے والا، اگر کچھ ہوگا تو دیکھ لیا جائے گا، پہلے سے سوچ سوچ کر فکرمند نہیں ہونا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کہیں نہیں جا رہی، بلاول بھٹو زرداری کی جماعت اگر پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مل کر تحریک عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو بسم اللہ، لے آئے، تحریک عدم اعتماد لانے والے خسارے میں جائیں گے۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ سسٹم اور آئین یہی رہے گا، نظام تباہ نہیں ہوا، تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں گے تو یہی نظام بہتر انداز میں نتائج دے گا، غیر مؤثر کارکردگی کو نظام پر نہیں ڈالنا چاہیے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت اپنی حدود میں رہ کر کام کر رہی ہے اور دوسرے اداروں کو بھی اپنی حدود میں رہ کر کام کرنے کے لیے کوشاں ہے، اس حوالے سے کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ٹک ٹک اور الٹی گنتی کی آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں، ہمیں یقین ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کے بعد الٹی گنتی سیدھی ہو جائے گی اور ٹک ٹک کی آواز ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی جبکہ پیپلزپارٹی کشمیر میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...