بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا
کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہوگا، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد، ہمت اور لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے سے متعلق قرارداد پیش کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق قرارداد وزیراعلیٰ بلوچستان، صوبائی وزراء اور پارلیمانی سیکرٹریز مشترکہ طور پر ایوان میں پیش کریں گے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 370 مقبوضہ جموں و کشمیر کو اپنا آئین، اپنا جھنڈا اور اندرونی خودمختاری فراہم کرتا تھا، جبکہ آرٹیکل 35(A) ریاست کے مستقل باشندوں کو سرکاری ملازمتوں، جائیداد اور سکونت کے خصوصی حقوق دیتا تھا۔
قرارداد کے مطابق بھارت نے دونوں آئینی دفعات ختم کرکے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے ان کی شناخت اور بنیادی حقوق چھین لیے، جس کے بعد مقبوضہ علاقے میں ریاستی دہشتگردی، محاصرے، گرفتاریوں اور میڈیا پر پابندیوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
قرارداد میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ پاکستان اور پاکستانی قوم مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی قانونی اور سفارتی معاونت کے لیے ایک جامع قومی لائحہ عمل تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments