سانحہ گل پلازہ: تفتیشی افسر کو تحقیقات مکمل کرنے کیلئے 9 اگست تک مہلت مل گئی

کراچی: (دنیا نیوز) سانحہ گل پلازہ کیس میں تفتیش مکمل نہ ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے تفتیشی افسر کو تحقیقات مکمل کرنے کے لیے 9 اگست تک مہلت دے دی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی میں سانحہ گل پلازہ کیس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے اور تحقیقات مکمل کرنے کے لیے مزید مہلت کی استدعا کی۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ چھ سرکاری اداروں ٹریفک پولیس، فائر بریگیڈ، سول ڈیفنس، کے ایم سی، ڈی سی جنوبی اور ریسکیو 1122 کی جانب سے جوابات موصول ہو چکے ہیں، تاہم دو اداروں ایس بی سی اے اور واٹر کارپوریشن کے جوابات تاحال موصول نہیں ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور واٹر کارپوریشن کی جانب سے جوابات کا انتظار ہے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو تحقیقات مکمل کرنے کے لئے 9 اگست تک مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت تک تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔

دوسری جانب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی میں سانحہ گل پلازہ کیس کے ملزمان کی درخواستِ ضمانت میں تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے، تاہم ملزمان عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔

وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ جلوس کی گزرگاہ کے اطراف راستے بند ہونے کے باعث ملزمان عدالت نہیں پہنچ سکے، عدالت نے بغیر کسی کارروائی کے سماعت ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 15 اگست تک توسیع کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...