آزاد کشمیر الیکشن کے تیسرے مرحلے میں پُر امن پولنگ جاری ہے: چیف الیکشن کمشنر
مظفرآباد: (محمد اسلم میر) آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی کے چار حلقوں میں پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پرامن طور پر جاری ہے.
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ باغ اور حویلی میں ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 50 فیصد سے تجاوز کر چکا ہے، بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے دنیا نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چاروں انتخابی حلقوں میں پولنگ کا عمل پرامن انداز میں جاری ہے اور انتخابی عمل کے دوران انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، ان کے مطابق سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جانب سے سامنے آنے والی بعض شکایات کو موقع پر ہی متعلقہ حکام کے ذریعے حل کرایا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفی مغل نے بتایا کہ دھیرکوٹ میں ایک پولنگ سٹیشن کے باہر ایک شہری حرکت قلب بند ہونے کے باعث جاں بحق ہوگیا، واقعے کے حوالے سے ضروری کارروائی کی گئی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق حویلی میں ایک شہری پولنگ اسٹیشن سے انتخابی تھیلے لے کر فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا جسے گرفتار کرلیا گیا، پولیس نے انتخابی تھیلے اپنی تحویل میں لے کر واپس پولنگ عملے کے حوالے کردیے، جس کے بعد انتخابی عمل جاری رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments