ترک نائب صدر کی یوم آزادی پاکستان کی تقریب میں شرکت، لازوال محبت کا اظہار
انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا گیا۔
اس تقریب میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز کے علاوہ بڑی تعداد میں اعلیٰ ترک حکام کی شرکت سے دونوں ممالک کے درمیان گہری محبت، یکجہتی اور برادرانہ تعلقات کے بلندیوں پر چھونے کی عکاسی ہوتی ہے۔
پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں انقرہ میں پاکستان ہاؤس کے وسیع و خوب صورت احاطے میں منعقد ہونے والی اس پروقار اور شاندار تقریب میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سیلچوق بایراکتار اولو، ترک بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ارجمند طاطلی اولو، بری فوج کے کمانڈر جنرل متین توکل، فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا جمال قادی اولو، سابق نائب وزیراعظم بلند آرنچ، سابق وزیر دریا یانک، جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی (آق پارٹی) کے نائب چیئرمین اول افکان اعلیٰ، رلنِ پارلیمنٹ برہان قایا ترک، ہولوسی آقار اورپاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر کے علاوہ بڑی تعداد میں اعلیٰ ترک حکام ، متعدد ممالک کے سفراء ، سفارتی مشنز کے نمائندوں ،پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کرکے یومِ آزادی پاکستان کی تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانے بجائے گئے۔ پاکستان ایمبیسی انٹرنیشنل سٹڈی گروپ اسکول کے طلبہ و طالبات نے ملی نغموں اور روایتی رقص پر مشتمل خوب صورت ثقافتی پروگرام پیش کیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
اس موقع پر پاکستان کے حوالے سے ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جس میں ملک کی تاریخ، تہذیبی و ثقافتی ورثے، قدرتی حسن، سیاحتی امکانات اور سماجی و اقتصادی ترقی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔
پاک ترک تعلقات سفارت کاری سے کہیں بڑھ کر برادرانہ رشتے ہیں: جودت یلماز

تقریب کے مہمانِ خصوصی اور ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے اپنے خطاب میں صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور عوام کو یومِ آزادی کی مبارک باد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔
انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی جانب سے جنگِ آزادیِ ترکیہ کے دوران ترک قوم کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات روایتی سفارتی رشتوں سے کہیں آگے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ایک غیر معمولی برادرانہ تعلق قائم ہے۔
جودت یلماز نے ترکیہ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ علاقائی سطح پر تعاون کے نئے راستے بھی تلاش کیے جائیں گے، اس ضمن میں ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سہ فریقی تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔

اس سے قبل ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے اپنے استقبالیہ خطاب میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کے حصول کی جدوجہد میں قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور تحریکِ پاکستان کے دوران دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو یاد کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک ترک شراکت داری وقت کے ساتھ ساتھ مزید وسعت اختیار کر رہی ہے اور دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں، دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کے مشترکہ وژن نے اس دیرینہ دوستی کو ایک منفرد اور کثیرالجہتی شراکت داری میں تبدیل کر دیا ہے۔
بعد ازاں ترک نائب صدر نے قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت کی 150ویں سالگرہ کے سلسلے میں پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے منعقد کی گئی خصوصی تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔
نمائش میں بانیٔ پاکستان کی زندگی، سیاسی بصیرت، قیادت، جدوجہد اور ان کے تاریخی ورثے کے مختلف پہلوؤں کو تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔ نمائش نے قائداعظم کے تصورِ پاکستان اور برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد کی اہم جھلکیاں بھی پیش کیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments