ڈیجیٹل بینکنگ صارفین کی تعداد 13 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ گئی: بلال کیانی

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیرمملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ ملک میں ڈیجیٹل بینکنگ صارفین کی تعداد 13 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ میں راست نظام نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے  بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ حکومت ڈیجیٹل ادائیگیوں کے تجربے کو مزید آسان اور سہل بنانے پر توجہ دے رہی ہے، کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کے فروغ کے لیے حکومت نے مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ (ایم ڈی آر) پر سبسڈی بھی فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ادائیگیوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے شعبے میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے، مرکزی سرکاری اداروں کی ڈیجیٹل ادائیگیاں 9 فیصد سے بڑھ کر 76 فیصد تک پہنچ گئی ہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کیش لیس معیشت کی جانب عملی اقدامات جاری ہیں، جبکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر مل کر کام کر رہے ہیں۔

بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت استعمال کرنے والے تاجروں کی تعداد بھی 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جو ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی نظام کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...