سپریم کورٹ کا عمران خان کے علاج سے متعلق تحریری فیصلہ جاری، میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے عمران خان کے آنکھوں کے علاج اور طبی سہولیات سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

جسٹس شاہد وحید نے سات صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا جس میں توہین عدالت کیس کے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت سے قبل تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

تحریری فیصلے کے مطابق تمام فریقین کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، بانی پی ٹی آئی کو آنکھوں کے علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں ریٹینا سپیشلسٹ سے علاج، ذاتی معالجین تک رسائی اور اہل خانہ کو طبی معائنے و علاج کے دوران مناسب رسائی دینے کی استدعا کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے، معاملہ سیاسی نہ بنانے کا حکم 

فیصلے میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 12 مارچ 2026 کو طبی سہولیات سے متعلق درخواست مسترد کی تھی، جس کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی۔

 

سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے اور علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے، جس میں فزیشن، جنرل سرجن، ماہر امراضِ داخلیہ، آنکھوں کے ماہر اور کارڈیالوجسٹ شامل ہوں گے، ڈاکٹر فیصل سلطان اور بانی پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمٰی خان کو بھی طبی معائنے اور علاج میں شریک ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔

تحریری فیصلے میں لکھا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو دو میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے جب کہ علاج اور دیگر طبی سہولیات کے اخراجات وہ خود یا ان کے اہل خانہ برداشت کریں گے، حکومت کو بانی پی ٹی آئی سے اہل خانہ کی ہفتے میں ایک ملاقات کرانے اور انہیں اپنے بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ ٹیلی فون پر بات کرنے کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

سپریم کورٹ نے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے احاطے میں کسی بھی قسم کا عوامی اجتماع نہ ہونے کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی یا ان سے وابستہ افراد کو طبی رپورٹس اور صحت سے متعلق معلومات سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنے سے بھی روک دیا ہے۔

عدالت نے واضح کیا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں فراہم کردہ سہولیات فوری واپس لی جاسکتی ہیں، شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں بانی پی ٹی آئی کے قیام کے دوران حکومت کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

فیصلے میں یہ بھی تحریر کیا گیا کہ شفا انٹرنیشنل سپتال میں بانی پی ٹی آئی کے معائنے اور علاج کی مکمل طبی رپورٹس آئندہ سماعت پر سپریم کورٹ میں پیش کی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...