شہر قائد میں مبینہ مقابلے، 4 ملزم زخمی حالت میں گرفتار، اسحلہ اور دیگر سامان برآمد
کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں مبینہ مقابلوں میں 4 ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ضلع کورنگی پولیس کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدود میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 ملزمان محمد عمران ولد محمد شبیر اور محمد زاہد ولد محمد اکبر کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا گیا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 30 بور پستول بمعہ راؤنڈز، چوری شدہ موٹر سائیکل، موبائل فون اور 2 پرس برآمد ہوئے۔
لانڈھی پولیس نے اندرون روڈ 36 بی، عید گاہ گراؤنڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان سے مقابلے کے دوران ایک ملزم عاطف ولد الف خان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے پستول اور راؤنڈز برآمد کر لئے۔
ساؤتھ پولیس نے خیابانِ غالب، سٹریٹ 31 کے قریب دوران گشت مشتبہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی میں سوار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم ریاض ولد محمد بخش کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہوگئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق مقابلہ ساحل تھانے کی حدود میں ہوا جہاں گرفتار ملزم کے قبضے سے گاڑی اور 30 بور پستول بمعہ راؤنڈز برآمد ہوئے۔
ضلع کورنگی اور ساؤتھ سے گرفتار چاروں زخمی ملزمان کو طبی امداد کے کیلئے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ گرفتار ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments