آئی جی پنجاب کی پراسیکیوٹر جنرل آفس آمد، پولیس اور پراسیکیوشن میں مزید ہم آہنگی پر اتفاق
لاہور: (محمد اشفاق) آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم نے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کے دفتر کا دورہ کیا اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عرفان صادق تارڑ سے ملاقات کی۔
آئی جی پنجاب نے عرفان صادق تارڑ کو پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پراسیکیوشن کے افسران نے آئی جی پنجاب کا استقبال کیا۔
ملاقات میں پولیس اور پراسیکیوشن کے درمیان تعاون، مقدمات کی تفتیش کے نظام میں بہتری اور عدالتوں میں مقدمات کے بروقت چالان جمع کروانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عرفان صادق تارڑ نے کہا کہ تفتیش کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے، مقدمات کی تفتیش میں خامیوں کو دور کرکے پولیس اور پراسیکیوشن کے درمیان بہتر رابطہ قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی مقدمے کا چالان بلاوجہ تاخیر کے بغیر عدالت میں جمع کروانا لازم ہے تاکہ مقدمات کی کارروائی بروقت آگے بڑھ سکے اور متاثرین کو انصاف کے حصول میں غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
آئی جی پنجاب راؤ عبد الکریم نے کہا کہ پولیس اور پراسیکیوشن کے درمیان مؤثر ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے، تفتیش کے مختلف مراحل میں دونوں اداروں کے درمیان رابطہ بہتر ہونے سے مقدمات کی تیاری اور عدالتوں میں مؤثر پیروی کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
ملاقات میں آئی جی پنجاب اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے پولیس اور پراسیکیوشن کے تفتیشی نظام کو مزید مؤثر بنانے، باہمی تعاون بڑھانے اور مقدمات کے بروقت چالان عدالتوں میں پیش کرنے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا۔
دونوں افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس اور پراسیکیوشن کے درمیان رابطہ اور تعاون مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ تفتیش کے معیار میں بہتری لائی جاسکے اور مقدمات کو قانونی تقاضوں کے مطابق مؤثر انداز میں عدالتوں میں پیش کیا جاسکے۔
پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عرفان صادق تارڑ نے آئی جی پنجاب کو خصوصی شیلڈ سے بھی نوازا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments