محسن نقوی کا ایف آئی اے اور پاسپورٹ دفاتر کا دورہ، غفلت پر عملے کو ہٹانے کا حکم

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے زونل آفس لاہور کا دورہ کیا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر ایف آئی اے کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا اور اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

محسن نقوی نے انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی میں ملوث مافیا کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی مافیا کی پوری چین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ملک بھر کے ایئرپورٹس پر امیگریشن کاؤنٹرز کے پرانے کیمروں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ بھی کیا، جبکہ شکایات کے اندراج کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کی خدمات حاصل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں 24 گھنٹے فعال میگا نادرا سنٹر کا بھی دورہ کیا اور نادرا میگا سنٹر میں پاسپورٹ آفس کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا، انہوں نے بعض شہریوں کی شکایات کا موقع پر ہی نوٹس لیتے ہوئے فوری ازالے کے لیے احکامات جاری کیے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے گوجرانوالہ کے ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ بھی کیا، جہاں دفتر مقررہ وقت سے قبل بند پایا گیا، عملے نے شہریوں کا داخلہ بھی بند کر رکھا تھا، جبکہ سہ پہر چار بجے ہی دفتر میں صفائی کا عمل شروع کر دیا گیا تھا اور وہاں چھٹی کا سماں تھا۔

محسن نقوی نے ریجنل پاسپورٹ آفس گوجرانوالہ کی صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...