اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے 4 اور 5 ستمبر کو بالائی علاقوں خصوصاً خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی بالائی علاقوں پر اثر انداز ہے، مغربی ہواؤں کے سلسلے کی شدت 4 اور 5 ستمبر کے دوران بڑھنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات سمیت بالائی پنجاب میں 3 سے 5 ستمبر تک بارش اور گرج چمک کا امکان ہے جبکہ کشمیر میں 3 سے 6 ستمبر تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، کشمیر کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

بالائی پنجاب کے بعض علاقوں میں کبھی کبھار موسلادھار سے بہت موسلادھار بارش متوقع ہے، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ اور دیگر علاقوں میں 4 اور 5 ستمبر کو بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں 3 ستمبر کی شام یا رات سے 5 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک متوقع ہے، صوبے کے بعض علاقوں میں موسلادھار سے بہت موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان میں 3 سے 6 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک متوقع ہے جبکہ بعض علاقوں میں درمیانی سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور گردونواح میں بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔

4 اور 5 ستمبر کو اسلام آباد اور راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔ پشاور، مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں بھی شہری سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں بھی شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔

شدید بارش سے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد اور راولپنڈی کے مقامی ندی نالوں میں اچانک سیلاب کا خطرہ ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو موسمی صورتحال کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

کسانوں کو موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں سے متعلق سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...