پشاور بڈھ بیر میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، فتنۃ الخوارج کے 4 دہشت گرد ہلاک

پشاور: (دنیا نیوز) بڈھ بیر میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران بین الاقوامی کالعدم تنظیم فتنۃ الخوارج کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق خارجی کمانڈر طاہر عرف معاویہ اپنے ساتھیوں سمیت بڈھ بیر میں دہشت گردی کی غرض سے گشت کر رہا تھا، جہاں کارروائی کے دوران چار دہشت گرد مارے گئے۔

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 ایس ایم جیز، ایک پستول، ہینڈ گرنیڈ، موبائل فون، 3 میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ایک ہلاک دہشت گرد کی جیب سے افغان شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا، جس کے مطابق اس کا تعلق کنڑ، افغانستان سے تھا۔ دہشت گردوں کے زیرِ استعمال 2 موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔

ہلاک ہونے والے دیگر دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے بڈھ بیر کے علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق کرائم سین یونٹ اور بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) کو جائے وقوعہ پر طلب کرکے ضروری کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے سی ٹی ڈی جوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور انہیں قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...