روس خفیہ طور پر ایران کو جدید سپر سونک کروز میزائل تیار کرنے میں مدد دے رہا: برطانوی میڈیا

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس خفیہ طور پر ایران کو جدید سپر سونک کروز میزائل تیار کرنے میں مدد دے رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس مبینہ طور پر کئی سال سے ایران کو جدید سپر سونک کروز میزائل تیار کرنے کے لئے ریم جیٹ ٹیکنالوجی فراہم کر رہا ہے، یہ روس کی جانب سے ایران کو حساس اسٹریٹجک عسکری ٹیکنالوجی کی منتقلی کے سب سے اہم معلوم واقعات میں سے ایک ہے۔

فنانشل ٹائمز کا دعویٰ ہے کہ اس پروگرام کا کوڈ نام C430L ہے اور یہ 2023 میں شروع ہوا تھا، اس میں روس کے انتہائی تجربہ کار میزائل ماہرین شامل ہیں، اس پروگرام کا مقصد ایران کو ایسا میزائل نظام تیار کرنے میں مدد دینا ہے جس کی مدد سے کروز میزائل آواز کی رفتار سے کئی گنا زیادہ رفتار سے پرواز کرسکیں۔

امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے دوران بھی یہ پروگرام جاری رہا، ریم جیٹ ٹیکنالوجی کو بحری جہازوں کے خلاف اور زمینی اہداف کو نشانہ بنانے والے کروز میزائلوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سپر سونک کروز میزائل انتہائی تیز رفتار کے ساتھ کم بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے فضائی اور میزائل دفاعی نظاموں کو انہیں شناخت کرنے اور روکنے کے لیے بہت کم وقت ملتا ہے۔

خلیج میں یہ ٹیکنالوجی ایران کے لیے خاص طور پر اہم ثابت ہو سکتی ہے جہاں امریکا اور اس کے اتحادی جدید زمینی اور بحری دفاعی نظام تعینات کئے ہوئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...