اے سی سی ویمنز ایشیا کپ: پاکستان آج ہانگ کانگ کے خلاف اہم میچ کھیلے گا

دبئی: (دنیا نیوز) اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2026ء میں پاکستان ویمنز ٹیم آج ہانگ کانگ کے خلاف میدان میں اترے گی، میچ پاکستان کے لیے سیمی فائنل میں رسائی کے حوالے سے انتہائی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔

پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان گروپ اے کا میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے ہوگا۔

فاطمہ ثناء کی قیادت میں قومی ٹیم نے ایونٹ کا آغاز تھائی لینڈ کے خلاف کامیابی سے کیا تھا، تاہم دوسرے میچ میں اسے روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارت کے خلاف پاکستان کی پوری ٹیم صرف 55 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

بھارت کے خلاف شکست کے باوجود پاکستان گروپ اے میں 2 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ ہانگ کانگ اپنے دونوں میچز ہارنے کے بعد گروپ میں آخری پوزیشن پر ہے۔

پاکستان کے لیے آج کا میچ جیتنا اس لیے بھی اہم ہے کہ کامیابی کی صورت میں قومی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرسکتی ہے جبکہ دوسری جانب ہانگ کانگ بھی ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہوگا۔

ہانگ کانگ کو اپنے گزشتہ میچ میں بھارت کے ہاتھوں 137 رنز کی بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ اسے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ سے 6 رنز سے شکست اٹھانی پڑی تھی۔

اے سی سی ویمنز ایشیا کپ میں 8 ٹیمیں شریک ہیں اور گروپ مرحلے کے اختتام پر دونوں گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 13 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...