اشتیاق کی ہلاکت سے متعلق نئی ویڈیو نے واقعے کا رخ بدل دیا: عظمیٰ بخاری

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اشتیاق کی ہلاکت سے متعلق اہم ویڈیو سامنے آنے کے بعد واقعے کا رخ تبدیل ہوگیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت سے جاری اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کی موجودگی میں اشتیاق کے خاندان کے ایک فرد نے واضح طور پر کہا کہ اشتیاق کی ہلاکت ایک حادثہ تھی اور اس میں حکومت یا پنجاب پولیس کا کوئی تعلق نہیں۔

اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ ویڈیو میں اشتیاق کے خاندان کا فرد سلمان اکرم اور سہیل آفریدی کی موجودگی میں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ 17 روز تک پی ٹی آئی کے کسی رہنما نے ان سے رابطہ کیا اور نہ ہی ان کا حال پوچھا، سہیل آفریدی کے گارڈز نے مذکورہ شخص پر تشدد شروع کردیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سہیل آفریدی کے گارڈز نے ویڈیوز بنانے پر آج بھی لاہور میں صحافیوں سے بدتمیزی کی، انہوں نے کہا کہ وہ اشتیاق کے بیٹے کا بیان بھی شیئر کر رہی ہیں، جس میں اسے ایک حادثہ قرار دیا گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا تحریک انصاف کے یوٹیوبرز پر واقعے کو غلط رنگ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سہیل آفریدی لاہور میں ’’ پبلک اسٹنٹ‘‘ کرنے پہنچے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے بقول پنجاب میں داخلے کے راستے میں جگہ جگہ پنجاب پولیس کے افسران نے بدتمیزی کی گئی، سوال یہ ہے کہ کیا کسی چیف ایگزیکٹو کو ایسی حرکتیں زیب دیتی ہیں؟

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سہیل آفریدی کالا چشمہ لگا کر مرحوم اشتیاق کے گھر پوائنٹ سکورنگ کے لیے پہنچے، جبکہ تین سال سے پی ٹی آئی کا کوئی رہنما مرحوم ظل شاہ کے گھر نہیں گیا، لاشوں پر سیاست بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت کا پرانا وطیرہ ہے۔

عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کے لاہور پہنچنے پر ان کے کسی کارکن نے استقبال کرنا بھی مناسب نہیں سمجھا، کوہاٹ میں آج ہی کوئلے کی کان میں چار افراد جاں بحق ہوئے ہیں، مگر سہیل آفریدی کوہاٹ جانے کے بجائے لاہور پہنچ گئے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا  پشاور سے تقریباً 530 کلومیٹر کا سفر کرکے تعزیت کے لیے لاہور آئے ہیں، موصوف ایک سال بعد دوبارہ لاہور کی سیر کرنے پہنچے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...