پاکستان کے تاریخی پانڈا بانڈ کو عالمی کلائمیٹ ایوارڈ سے نواز دیا گیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے تاریخی پانڈا بانڈ کو کلائمیٹ ایوارڈ سے نواز دیا گیا، پاکستان کو 2026 اے پی اے سی کلائمیٹ بانڈز ایوارڈز میں شامل کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان کو پائنیر سسٹین ایبل سوورین پانڈا بانڈ ایشوئر ایوارڈ دیا گیا، پاکستان کا پہلا 1.75 ارب چینی یوآن کا سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پانڈا بانڈ مئی 2026 میں جاری کیا گیا تھا۔
اعلامیے کے مطابق بانڈ سے حاصل رقم پانی، توانائی اور صحت کے گرین اور سماجی منصوبوں پر لگائی جائے گی، پاکستان نے 3 سالہ تاریخی بانڈ 2.5 فیصد کوپن پر جاری کیا تھا جبکہ بانڈ کی ڈیمانڈ اجرا سے 5 گنا زیادہ رہی تھی۔
اعلامیے کے مطابق بانڈ سے نئے اور بڑے ادارہ جاتی سرمائے تک رسائی ممکن ہوئی اور پاکستان کے خودمختار فنانسنگ ذرائع میں فروغ آیا، جبکہ بانڈ کے اجرا سے پاک چین مالی تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔
اعلامیے کے مطابق یہ لین دین حکومت پاکستان، ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB)، ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB)، چینی حکام، مالیاتی مشیروں اور انڈر رائٹرز کے تعاون سے مکمل ہوا۔
اعلامیے کے مطابق یہ اعزاز عالمی کیپیٹل مارکیٹس تک پاکستان کی بڑھتی رسائی کا سنگ میل ہے، بانڈ کے اجرا سے سرمایہ کاروں کی بنیاد وسیع ہوئی اور پاکستان میں پائیدار ترقی کے لیے سرمایہ متحرک ہوا۔
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کے تاریخی پائیدار پانڈا بانڈ کو عالمی سطح پر ملنے والی پذیرائی پر کلائمیٹ بانڈز انیشی ایٹو، چین کی حکومت، ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، سرمایہ کاروں، مشیروں، انڈر رائٹرز اور تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ اعزاز صرف ایک کامیاب مالیاتی لین دین کی عکاسی نہیں کرتا بلکہ پاکستان کے لیے عالمی سرمایہ کے نئے ذرائع تک بڑھتی ہوئی رسائی، بین الاقوامی شراکت داری کے فروغ اور متنوع، مارکیٹ پر مبنی اور پائیدار مالیاتی ذرائع کی جانب مسلسل پیش رفت کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان زیادہ استحکام، ساکھ اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، نئے مالیاتی مواقع پیدا کر رہا ہے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے مزید مضبوط بنیادیں قائم کر رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments