پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا، اپنے حصے سے دوسروں کو دیا: وزیراعلیٰ مریم نواز
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہر کوئی اٹھ کر کہتا ہے پنجاب نے ہمارا حق کھا لیا، پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا بلکہ اپنے حصے سے دوسروں کو دیتا رہا ہے۔
ملتان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ تنقید مجھ پرنہیں پنجاب کی ترقی پرہو رہی ہے، ان کو 9 ارب روپے کے جہاز سےتکلیف ہے، جہازمیرا نہیں وہ وزیراعلیٰ پنجاب کا ہے، میں گھر نہیں لے کر جاؤں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ سیلاب کے دوران متاثرین کے پاس کشتیوں پر بھی گئی، ہر وزیراعلیٰ کے پاس سرکاری طیارہ ہے، تنقید صرف مجھ پر ہوتی ہے، تنقید کرنے والوں کو جہازسے نہیں مریم نواز کے کاموں سےتکلیف ہے۔
مریم نواز نے بتایا کہ میری صاحبزادی کی گریجویشن تقریب تھی، جہازکے استعمال پر پونے 3 کروڑ روپے اپنی جیب سے ادا کیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے چند افراد پنجاب پر حملہ کرنے آئے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تماشا لگانے کیلئے زبردستی پولیس کی گاڑی میں بیٹھ گئے، خیبر پختونخوا سے آنے والوں کا لاہور کا دورہ ناکام رہا۔
انہوں نے الیکٹرک بس کے متعلق بتایا کہ اس سروس کا عام کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے، تاہم عوام کی سہولت کے پیش نظر خواتین، طلبا و طالبات، معذور افراد اور 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لیے یہ سفر 100 فیصد مفت ہوگا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی آخری حد تک گرین بس سروس کو پھیلایا جا رہا ہے تاکہ صوبے بھر کے عوام جدید اور سستے سفر کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ملتان کے تمام روٹس پر گرین الیکٹروبسیں چلیں گی، خصوصی افراد کیلئے وہیل چیئر اور ریمپ کی سہولت دی گئی ہے، گرین بسوں میں خواتین کے تحفظ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں، پنجاب میں رہنے والا ہر شخص میری ذمہ داری ہے، میری حکومت میں کوئی شخص بس کی چھت پر سفر نہیں کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میو اسپتال میں جدید کینسر کی مشین چین سے لے کر آئی تھی،پنجاب میں دوسری مشین کا ملتان میں افتتاح کرکے آئی ہوں ، اس مشین کے ذریعے 2 خواتین کا علاج ہوا، ان کا انٹرویو کرکے آئی ہوں، 45 منٹ میں ان کا علاج ہوا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments