روس افریقہ سربراہی اجلاس، 33 معاہدوں پر دستخط اور تین سالہ عملی منصوبہ ایجنڈے میں شامل
ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے دارالحکومت ماسکو میں تیسرے روس افریقہ سربراہی اجلاس کے موقع پر مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے 33 بین الحکومتی، بین الادارہ جاتی اور تجارتی معاہدوں سمیت اہم دستاویزات پر دستخط کرنے کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔
روسی صدارتی معاون یوری اوشاکوف کے مطابق دو روزہ سربراہی اجلاس کے نتائج میں سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعاون سے متعلق متعدد دستاویزات شامل ہوں گی، جن کا مقصد روس اور افریقی ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں روس افریقہ مشترکہ اعلامیہ، مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعاون سے متعلق الگ اعلامیہ اور 2027 سے 2029 تک روس افریقہ شراکت داری کا تین سالہ عملی منصوبہ بھی شامل ہے۔
مجوزہ عملی منصوبے کے تحت تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صنعت، تعلیم، سائنس اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران افریقی علاقائی تنظیموں کے ساتھ تعاون کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے افریقی علاقائی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقات میں کہا کہ روس افریقی یونین اور دیگر علاقائی اداروں کے ساتھ تجارتی، مالیاتی اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔
صدر پوتن کے مطابق افریقی براعظمی آزاد تجارتی علاقے، مشرقی و جنوبی افریقہ کی مشترکہ منڈی، مشرقی افریقی کمیونٹی اور وسطی افریقی ریاستوں کی اقتصادی کمیونٹی کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے متعدد بین الحکومتی اور بین الادارہ جاتی دستاویزات کی منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے افریقہ اور یوریشیا کے درمیان اقتصادی انضمام کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔ صدر پوتن کا کہنا تھا کہ یوریشین اقتصادی یونین کے ترجیحی تجارتی نظام سے افریقہ کے 47 ممالک فائدہ اٹھا رہے ہیں، جن میں سے 32 ممالک کو کسٹم ڈیوٹی سے مکمل استثنیٰ حاصل ہے۔
روسی حکام کے مطابق سربراہی اجلاس میں 48 افریقی ممالک کے وفود شریک ہوئے۔ اجلاس میں عالمی سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، زراعت، توانائی اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روس افریقہ سربراہی اجلاس میں پیش کردہ معاہدوں اور دستاویزات کو دونوں فریقوں کے درمیان طویل المدتی اقتصادی اور سفارتی تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments