خیبر پختونخوا میں ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ
پشاور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کم کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے خیبر پختونخوا میں ٹرانسفارمر بیسڈ لوڈ مینجمنٹ سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا۔
نئے نظام کے تحت پورے فیڈر کے بجائے انفرادی ٹرانسفارمرز کی سطح پر لوڈ مینجمنٹ کی جائے گی جبکہ نئے نظام سے بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کرنے والے صارفین کو لوڈشیڈنگ میں ریلیف مل سکے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر خیبرپختونخوا کے توانائی مسائل کے پائیدار حل کے لیے وفاقی و صوبائی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں طویل لوڈشیڈنگ کا مسئلہ وفاقی حکومت کے سامنے اٹھایا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر پٹرولیم، گورنر فیصل کریم کنڈی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے شرکت کی، گورنر خیبرپختونخوا نے پاور ڈویژن میں بجلی و توانائی کے مسائل کے حل سے متعلق اہم اجلاس میں شرکت کی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم رکھنے جبکہ عوام کو بجلی کی فراہمی میں ریلیف دینے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی حکومت اور صوبائی قیادت کی جانب سے خیبر پختونخوا کے توانائی مسائل کے حل اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments