میئر کراچی کی قدیم سوامی نارائن مندر آمد، ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی

کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب دیوالی کے موقع پر صدر میں واقع قدیم سوامی نارائن مندر پہنچ گئے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اہلِ خانہ کے ہمراہ مندر کا دورہ کیا اور ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دی، میئر کراچی نے مندر میں موجود افراد سے ملاقات کی، انہیں دیوالی کی مبارکباد پیش کی اور مٹھائی تقسیم کی۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم تمام مذاہب کی خوشیوں اور تہواروں میں برابر کے شریک ہیں، کراچی میں بسنے والی تمام برادریاں شہر کی خوبصورتی اور ثقافتی تنوع کا حصہ ہیں، سندھ کی سرزمین نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی اور رواداری کے فروغ کو اہمیت دی ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اپنے مذہبی تہوار آزادی اور خوشی کے ساتھ منانے کا حق حاصل ہے، اقلیتوں کا تحفظ، ان کے حقوق کا احترام اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہو کر بھائی چارے، محبت اور ہم آہنگی کو فروغ دے سکتے ہیں، میری دعا ہے کہ دیوالی کا تہوار ہندو برادری کے لئے امن، خوشحالی اور خوشیوں کا باعث بنے۔

میئر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مرکزی دفتر میں منعقدہ فائر ورکس کی تقریب میں بھی شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...