خاتون اینکر ربیعہ احسن کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا
راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں مقتولہ اینکر پرسن ربیعہ احسن کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ جامع مسجد گلش آباد اڈیالہ روڈ راولپنڈی میں ادا کی گئی، جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ربیعہ احسن مبینہ طور پر شوہر کی طرف سے گولی لگنے کی وجہ سے جاں بحق ہوگئی تھیں، خاتون اینکر کے قتل کے واقعے کا مقدمہ ان کے بھائی خرم کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں دفعہ 302 کے تحت درج کیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کے بھائی خرم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انھیں فون پر اطلاع دی گئی کہ ربیعہ احسن کو ان کے شوہر نے گولی مار دی ہے، مدعی کے مطابق جب وہ موقع پر پہنچے تو ان کی بہن خون میں لت پت پڑی تھیں اور وہ فوت ہو چکی تھیں۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں واقعے کے مختلف پہلو سامنے آئے ہیں، مقامی پولیس کے مطابق ربیعہ احسن کی تقریباً 14 سال قبل احسن نامی شخص سے شادی ہوئی تھی اور ابتدائی معلومات کے مطابق اہل خانہ، بیٹیوں، بہن اور والدہ نے میاں بیوی کے درمیان کسی قسم کی ناچاقی یا گھریلو تنازع کی نشاندہی نہیں کی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے باعث گھر میں گرمیوں کے کپڑے الماری میں رکھتے اور سردیوں کے کپڑے نکالتے وقت ایک 30 بور پستول کپڑوں میں سے نکلا۔
گھر میں موجود ایک گھریلو ملازم کے ابتدائی بیان کے مطابق شوہر پستول ہاتھ میں لیے ہوئے تھا کہ اس دوران گولی چل گئی۔
تاہم پولیس کا کہنا تھا کہ تاحال گھر کے کسی فرد نے میاں بیوی کے درمیان جھگڑے یا اختلافات کے حوالے سے بیان نہیں دیا، اس کے باوجود واقعے کی تحقیقات میں قتل سمیت تمام ممکنہ محرکات کا جائزہ لیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments