انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کی شناخت مصنوعی ذہانت سے کی جائے گی: میٹا کا اعلان

کیلی فورنیا: (دنیا نیوز) میٹا نے انسٹاگرام صارفین کی عمر کا تخمینہ لگانے والی مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی دنیا بھر میں متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

نئی ٹیکنالوجی کا مقصد کم عمر صارفین کو ان کی عمر کے مطابق انسٹاگرام کا محفوظ تجربہ فراہم کرنا اور انہیں نامناسب مواد سے تحفظ دینا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بلاگ پوسٹ کے مطابق یہ ٹیکنالوجی صارفین کی بتائی گئی عمر کے بجائے ان کی حقیقی عمر کا تخمینہ لگانے کی کوشش کرے گی، اگر کوئی صارف اپنی عمر غلط بتاتا ہے تو اے آئی سسٹم اس کا جائزہ لے کر 18 سال سے کم عمر صارفین کو خودکار طور پر ٹین (Teen) اکاؤنٹس میں منتقل کردے گا۔

میٹا نے عمر کی تصدیق کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی اپریل 2025 میں متعارف کرائی تھی، جبکہ ٹین اکاؤنٹس کا آغاز ستمبر 2024 میں کیا گیا تھا، یہ اکاؤنٹس 13 سے 17 سال کی عمر کے صارفین کے لیے بنائے گئے ہیں، جن میں نوجوانوں کے تحفظ کے لیے مختلف پابندیاں اور حفاظتی فیچرز شامل ہیں۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ اس ٹیکنالوجی کو اب دنیا بھر میں متعارف کرایا جا رہا ہے، ابتدائی طور پر امریکا میں والدین کو انسٹاگرام فیڈ پر ایک خصوصی ویڈیو دکھائی جائے گی، جس میں بتایا جائے گا کہ پلیٹ فارم پر بچوں کو کس طرح محفوظ رکھا جاتا ہے۔

میٹا نے واضح کیا کہ بچوں اور نوجوانوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کی عمر کے مطابق محفوظ اور مناسب ماحول فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...