تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں پانی کا اخراج بڑھنے کا امکان، الرٹ جاری

صوابی:(دنیا نیوز) تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں پانی کا اخراج ڈیڑھ لاکھ کیوسک سے زائد ہونے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں تک پانی کے زیادہ اخراج کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

حکام نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں شہریوں کو دریائے سندھ کے کنارے جانے، پانی میں نہانے اور کشتی رانی سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو دریا، ندی نالوں اور پانی کے دیگر مقامات کے قریب جانے سے روکیں۔

دوسری جانب انتظامیہ نے مویشی پالنے والے افراد کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے جانوروں کو پانی کے تیز بہاؤ والے علاقوں سے دور رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ انتظامیہ کو اطلاع دیں۔

مزید برآں انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور اپنے اہلخانہ کی حفاظت یقینی بنائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...