بابا گرونانک کے 557 ویں جنم دن کی تقریبات، 3 ہزار سکھ یاتریوں کو ویزے جاری

لاہور: (دنیا نیوز) سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے 557 ویں جنم دن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، پاکستان ہائی کمیشن نیو دہلی کی طرف سے 3 ہزار کے قریب یاتریوں کو ویزے جاری کر دیئے گئے۔

بھارتی مہمان 22 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے جن کا واہگہ بارڈر پر استقبال کیا جائے گا، سکھ یاتریوں کو واہگہ بارڈر سے سپیشل بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب روانہ ہوں گے، جہاں 23 نومبر کو مختلف گوردواروں کی زیارت کریں گے۔

24 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی جس میں بھوگ اور اکھنڈ پاٹھ صاحب کی مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی، 25 نومبر کو یاتری ننکانہ صاحب سے گوردوارہ سچا سودا، فاروق آباد کے راستے حسن ابدال روانہ ہوں گے، جہاں رات گوردوارہ پنجہ صاحب میں قیام کریں گے۔

26 نومبر کو بھی یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب میں قیام کریں گے، 27 نومبر کو یاتری گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور، نارووال جائیں گے اور رات نارووال میں قیام کریں گے، 28 نومبر کو نارووال میں گوردوارہ دربار صاحب کے مقام پر کبڈی میچ منعقد ہوگا جس کے بعد یاتری لاہور پہنچیں گے اور گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں قیام کریں گے۔

شیڈول کے مطابق 29 اور 30 نومبر کو یاتری لاہور کے مختلف گوردواروں کی زیارت کریں گے جبکہ یکم دسمبر کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس روانہ ہو جائیں گے۔

متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کے مطابق یاتریوں کے سفرکیلئے سپیشل بسوں کا انتظام کیا گیا جس کا کرایہ یاتری ادا کریں گے تاہم ان کی رہائش اورکھانا متروکہ وقف املاک بورڈ کی طرف سے فری ہوگا، یاتریوں کومیڈیکل کی مفت سہولت بھی مہیا ہوگی۔

پاکستان اور بھارت کے مابین مذہبی سیاحت کے معاہدے کے تحت بابا گرونانک کے جنم دن پر انڈیا سے 3 ہزار یاتری پاکستان آ سکتے ہیں، ذرائع کے مطابق بھارت سے 3 ہزار سے زیادہ یاتری پاکستان آنا چاہتے ہیں لیکن انڈین گورنمنٹ کی طرف سے کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے بڑی تعداد میں سکھ اور نانک نام لیوا پاکستان نہیں آ سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق ڈھائی ہزارسے زائد یاتریوں کی آمد متوقع ہے، گزشتہ سال پاکستان کی طرف سے 2400 ویزے جاری کئے گئے تاہم 1932 یاتری پاکستان آئے تھے، کم وبیش 300 یاتریوں کے ایک جتھے کو انڈین گورنمنٹ نے پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...