فیفا انڈر17 فٹ بال ورلڈ کپ: جرمنی اور فرانس کے درمیان فائنل میچ کل کھیلا جائے گا

جکارتہ : (ویب ڈیسک ) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام انڈونیشیا میں جاری فیفا انڈر17 فٹ بال ورلڈ کپ میں کل جرمنی اور فرانس کے درمیان فائنل میچ کھیلا جائے گا۔

 فیفا انڈر17 فٹ بال ورلڈ کپ کا انیسواں ایڈیشن اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے جہاں جرمنی اور فرانس کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ چکی ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ (کل) ہفتہ کو مناہان سٹیڈیم، سوراکارتہ میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل جرمنی کی انڈر 17 ٹیم نے پہلے سیمی فائنل میچ میں ارجنٹائن کی انڈر 17 ٹیم کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 2-4گول سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں فرانس کی ٹیم نے مالی کو 1-2 گول سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔

میگا ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے لئے میچ یکم دسمبر کو ارجنٹائن اور مالی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

یہ پہلا موقع ہے جب انڈونیشیا نے فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ کی میزبانی کی اور پہلی بار فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ جنوب مشرقی ایشیا میں منعقد کیا گیا ہے۔

ملائیشیا میں 1997 فیفا ورلڈ یوتھ چیمپئن شپ اور تھائی لینڈ میں 2012 فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے بعد یہ تیسرا موقع ہے کہ اس خطے میں فیفا ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے ۔

فیفا انڈر17 فٹ بال ورلڈ کپ کا انیسواں 2021میں ہونا تھا جو عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا اور چار سال کے بعد کھیلاجا رہا ہے۔

چار بار کی عالمی چیمپئن برازیل دفاعی چیمپئن ہےجو میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن کے ہاتھوں شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں