انگلش پریمیئرلیگ: مانچسٹر یونائیٹڈ اوربرائٹن اینڈ ہووالبیون نے اپنے میچزجیت لئے

لندن : (ویب ڈیسک ) انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور برائٹن اینڈ ہووالبیون کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔

انگلش پریمیئر لیگ کے 32 ویں سیزن کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دارمقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری ہے، کینیل ورتھ روڈ، لوٹن میں کھیلے گئے میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور لوٹن ٹاؤن کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے راسمس ہوجلنڈ نے میچ کے پہلے منٹ پرہی ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو لوٹن ٹاؤن کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی، تاہم ٹھیک 6 منٹ بعد راسمس ہوجلنڈ نے ایک اور گول کر کے مقابلہ 0-2 کر دیا۔

لوٹن ٹاؤن کے کارلٹن مورس نے میچ کے 14 منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 1-2 کر دیا جو میچ کے ہاف تک برقرار رہا یوں میچ کے پہلے ہاف پر مانچسٹر یونائیٹڈ کو لوٹن ٹاؤن کے خلاف 1-2 گول کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم کوئی بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی یوں مانچسٹر یونائیٹڈ لوٹن ٹاؤن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔

ادھر برامل لین، شیفیلڈ میں کھیلے گئے میچ میں برائٹن اینڈ ہوو البیون اور شیفیلڈ یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں برائٹن اینڈ ہوو البیون کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شیفیلڈ یونائیٹڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-5 گول سے ہرا دیا۔

سائمن اڈینگرانے دو،جیک رابنسن،ڈینی ویلبیک اور فاکیونڈو بوونانوٹ نے ایک ایک گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں