فرنچ اوپن : کارلوس الکاراز،جینک سنر،آندرے روبلوف اورسٹیفانوس تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے

پیرس : (ویب ڈیسک ) ہسپانوی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار کارلوس الکاراز، اٹلی کے ٹینس کھلاڑی جینک سنر، روسی ٹینس سٹار آندرے روبلوف اور یونانی ٹینس کھلاڑی سٹیفانوس اپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے فرنچ اوپن ٹینس میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔

سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارلحکومت پیرس میں شروع ہو چکا ہے، جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

مینز سنگلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں سپین کے کارلوس الکاراز نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف نیدرلینڈز کے جیسپر ڈی جونگ کو 3-6، 4-6،6-2، 2-6 سے شکست دے کر تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

اٹلی کے جینک سنر نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف میزبان ٹینس کھلاڑی رچرڈ گیسکٹ کوسٹریٹ سیٹس میں 4-6، 2-6 اور 4-6 سے شکست دی۔

روسی ٹینس کھلاڑی آندرے روبلوف نے بھی دوسری رکاوٹ عبور کرلی ، انہوں نے دوسرے راؤنڈ میچ میں ہسپانوی حریف کھلاڑی پیڈرو مارٹینز پورٹرو کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6، 4-6 اور 3-6 سے شکست دی۔

ایک اور میچ میں یونانی ٹینس کھلاڑی سٹیفانوس نے جرمنی کے ٹینس کھلاڑی ڈینیل آلٹمیئر کو شکست دے کر تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ سٹیفانوس کی فتح کا سکور 3-6، 2-6، 7-6(7-2) اور 4-6 تھا۔

سوئٹزرلینڈ کے سٹین واورینکااور میزبان ٹینس سٹار رچرڈ گیسکٹ دوسرے راؤنڈ میں ہارکر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں