وسیم اکرم اور مصباح الحق فریضۂ حج کی سعادت کیلئے روانہ

ریاض: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور مصباح الحق رواں سال فریضۂ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں معروف شخصیت فخر عالم نے بتایا کہ وہ اس سال اپنے بھائیوں وسیم اکرم اور مصباح الحق کے ہمراہ حج کی ادائیگی کے لیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ الحمداللہ! میں بے حد عاجزی اور شکرگزاری محسوس کر رہا ہوں کہ اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے جا رہا ہوں۔

فخر عالم نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کی حاضری قبول فرمائے، آسانیاں عطا کرے اور ہمیں خانہ کعبہ کے سامنے خالص دل کے ساتھ کھڑا ہونے کی توفیق دے۔

پیغام میں مزید دعا کی گئی کہ ’’یا اللہ! اس سفر کو مغفرت، رحمت اور نئی شروعات کا ذریعہ بنا دے۔‘‘

سوشل میڈیا پر یہ پیغام وائرل ہونے کے بعد شائقینِ کرکٹ کی جانب سے وسیم اکرم اور مصباح الحق کیلئے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق عیدالاضحیٰ کی تعطیلات 26، 27 اور 28 مئی تک ہوں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں