سپین نے ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ فیفا ورلڈ کپ جیت لیا

نیویارک: (دنیا نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل معرکے میں سپین نے ارجنٹینا 0-1 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ دنیائے فٹ بال کا تاج اپنے سر پر سجا لیا۔

نیویارک کے نیو جرسی سٹیڈیم میں فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026ء کا فائنل میچ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اور سابق عالمی چیمپئن سپین کے درمیان کھیلا گیا، بڑے ایونٹ کا بڑا مقابلہ شروع سے ہی سنسنی خیز رہا۔

دونوں ٹیمیں بھرپور کوشش کے باوجود پہلے ہاف میں کوئی گول سکور نہ کر سکیں، میچ کا دوسرا ہاف بھی بغیر کسی گول کے ختم ہو گیا، جس پر فائنل میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے دونوں ٹیموں کو آدھے گھنٹے کا اضافی وقت دیا گیا۔

اضافی وقت کا پہلا ہاف بھی بغیر کسی گول کے اختتام کو پہنچا جبکہ دوسرے ہاف میں سپین نے شاندار گول کر کے اپنی برتری ثابت کر دی، جبکہ ارجنٹینا کی ٹیم اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں بھی کوئی گول سکور نہ کر سکی، سپین کی جانب سے میچ کا واحد گول فیران ٹوریس نے سکور کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیفا کے صدر نے فاتح ٹیم کو ٹرافی تھمائی، سپینش کھلاڑیوں نے ٹرافی کے ساتھ بھرپور جشن منایا، ارجنٹینا کی ٹیم نے امریکی صدر سے چاندی کے تمغے وصول کیے، لیونل میسی اپنا میڈل وصول کرنے کے بعد آبدیدہ ہوگئے۔

سپین کے پاؤ کیو بارسی ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے، جبکہ سپین کے کپتان روڈریگو ہرنینڈیز ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، سپین کے کپتان روڈریگو کو گولڈن بال کا ایوارڈ دیا گیا، سپین کے سائمن ٹورنامنٹ کے بہترین گول کیپر قرار پائے، سائمن کو گولڈن گلوز کا ایوارڈ دیا گیا۔

یاد رہے کہ یہ 2010ء میں ورلڈکپ جیتنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب سپین نے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے، اور مجموعی طور پر یہ سپین کا دوسرا ورلڈ کپ فائنل تھا، جس میں اس نے 2010ء کی طرح کامیابی سمیٹی ہے۔

اس مقابلے میں ارجنٹینا نے 7ویں بار فیفا ورلڈکپ کا فائنل میچ کھیلا ہے، اور سابقہ 6 میں سے 3 فائنلز (1978ء، 1986ء اور 2022ء) میں ٹرافی جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔

سپین بیک وقت مینز اور ویمنز ورلڈ چیمپئن بننے والا پہلا ملک بن گیا

فیفا ورلڈکپ 2026ء کے فائنل میں ارجنٹینا کو شکست دے کر سپین نے بیک وقت مینز اور ویمنز فٹبال ورلڈ چیمپئن بننے کا منفرد ریکارڈ قائم کر ڈالا۔

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل میں سپین نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹینا کے خلاف 0-1 سے کامیابی حاصل کی اور دوسری بار ورلڈکپ کا ٹائٹل جیت لیا۔

سپین کی جانب سے فیصلہ کن گول فیران ٹوریس نے کھیل کے اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں کیا، اس کامیابی کے ساتھ سپین فٹبال کا بیک وقت مینز اور ویمنز ورلڈ چیمپئن بننے والا پہلا ملک بن گیا، سپین نے 2023ء میں ویمنز کا فٹبال ورلڈ کپ بھی جیتا تھا۔

ارجنٹینا نے فیفا ورلڈ کپ کا ناپسندیدہ ترین ریکارڈ اپنے نام کر لیا

لیونل میسی کی کپتانی میں ارجنٹینا نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کا ناپسندیدہ ترین ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
سپین کے خلاف فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹینا کی ٹیم 90 منٹ میں گول پر ایک شاٹ بھی نہ مار سکی، سپین نے 90 منٹس میں ٹارگٹ پر 9 شاٹس سمیت مجموعی 15 شاٹس گول کی جانب لگائے۔

اس کے ساتھ ہی ارجنٹینا ورلڈ کپ فائنل کے 90 منٹ میں ایک شاٹ بھی گول پر نہ لگانے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے، جسے ارجنٹینا کی اب تک کی سب سے بری پرفارمنس قرار دیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل معرکے میں سپین نے ارجنٹینا 0-1 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ دنیائے فٹ بال کا تاج اپنے سر پر سجا لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...