پاکستان رائفل ٹیم نے ایف کلاس عالمی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی،اہم کامیابیاں سمیٹ لیں

بسلی: (دنیا نیوز) برطانیہ میں منعقدہ ساتویں ایف کلاس عالمی چیمپئن شپ میں پاکستان رائفل ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انفرادی مقابلے میں عالمی چیمپئن کا اعزاز اور ٹیم مقابلے میں رنر اپ پوزیشن حاصل کرلی۔

24 ممالک کے 207 بہترین لانگ رینج شوٹرز نے چیمپئن شپ میں شرکت کی، 12 اور 13 اگست کو 800، 900 اور 1000 یارڈز کے انفرادی مقابلے ہوئے، جبکہ 15 اور 16 اگست کو ایف ٹی آر ٹیم مقابلے منعقد کیے گئے۔

لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریز کی قیادت میں 12 رکنی پاکستانی ٹیم نے مشکل موسمی حالات کے باوجود شاندار کارکردگی دکھائی، پاکستانی شوٹرز نے انفرادی مقابلوں میں 4 طلائی، 4 چاندی اور 5 کانسی کے تمغے جیتے اور ایف ٹی آر کیٹیگری میں سب سے زیادہ تمغے حاصل کرنے والی ٹیم کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

لیفٹیننٹ کرنل جنید علی نے 207 حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے انفرادی ایف ٹی آر عالمی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کیا، انہوں نے مجموعی طور پر 3 طلائی، ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ ان کی کامیابی پاکستان کی بین الاقوامی ایف کلاس شوٹنگ کی تاریخ کی بڑی انفرادی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔

سپاہی محمد ولید نے ایک طلائی اور ایک کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ انڈر 25 کیٹیگری میں حذیفہ گل نے 3 چاندی اور 2 کانسی کے تمغے حاصل کیے، لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریز نے بھی انڈر 25 کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیتا۔

لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریز، لیفٹیننٹ کرنل جنید علی، سپاہی محمد ولید، عبید، قاسم، حذیفہ گل اور جنید وقاص ٹاپ 100 شوٹرز میں شامل رہے۔

ٹیم مقابلے میں سابق عالمی اور یورپی چیمپئنز سمیت 11 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا، پاکستانی ٹیم نے 800، 900 اور 1000 یارڈز پر انتہائی سنسنی خیز اور سخت مقابلے کے بعد رنر اپ پوزیشن حاصل کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

پاکستان نے صرف تین سال کے عرصے میں ایف کلاس شوٹنگ میں عالمی سطح پر ایک مضبوط قوت کے طور پر اپنی جگہ بنائی ہے، پاکستانی شوٹرز کی یہ کامیابیاں قومی ٹیلنٹ، محنت اور کھیلوں میں بڑھتی ہوئی مہارت کا نمایاں ثبوت ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...