نوجوان نسل کو سیرت طیبہ کے رہنما اصولوں سے روشناس کرایا جائے: وزیراعظم

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کو ریاست مدینہ اور سیرت طیبہ کے رہنما اصولوں سے روشناس کرایا جائے۔

وزیر اعظم سے ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمان نے ملاقات کی، وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری بھی ملاقات میں شریک تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال ملک میں 12ربیع الاول بھرپور مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، نوجوان نسل کو ریاست مدینہ اور سیرت طیبہ کے راہنما اصولوں سے روشناس کرایا جائے۔ حضور ﷺ نے ریاست مدینہ کی بنیاد عدل و انصاف، فلاح و بہبود اور میرٹ کی حکمرانی پر رکھی۔ آپ ﷺ نے لوگوں کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے دور میں نوجوان نسل جنسی جرائم اور منشیات جیسی برائیوں سے بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ نوجوانوں کو ان اخلاقی برائیوں سے بچانے کے لیے سیرت طیبہ کے سنہری اصولوں کی روشنی میں ان کی کردار سازی بہت ضروری ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مقصد کے حصول کے لیے حکومت نے رحمت اللعالمین اتھارٹی قائم کی ہے، سیرت طیبہ پر اعلی شہرت کے حامل سکالرز نوجوانوں کی کردار سازی کے لیے رہنمائی کریں گے، اتھارٹی تحقیق کرکے نوجوانوں کو اسلامی تاریخ بتائے گی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں