مظفر آباد: پولیس نے عوامی ایکشن کمیٹی کا مہنگائی کیخلاف دھرنا کیمپ اکھاڑ دیا
مظفرآباد: (دنیا نیوز) پولیس نے مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے کیخلاف عوامی ایکشن کمیٹی کا دھرنا کیمپ اکھاڑدیا۔
مظفرآباد میں ریاستی رٹ بحال کرنے کیلئے پولیس اورانتظامیہ حرکت میں آگئی، مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے پر عوامی ایکشن کمیٹی کیخلاف دیئے گئے دھرنے کو منتشر کرنے کیلئے بڑی تعداد میں پولیس آزادی چوک میں جمع ہوگئی۔
عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے کال پر مظاہرین نے بجلی کے بلوں کو پھاڑ کر اور کشتیاں بنا کر دریائے نیلم میں بہا دیا اور آزادی چوک پر دھرنا دے دیا، تاہم پولیس نے دھرنا کیمپ کو اکھاڑ دیا۔
رات گئے سے عوامی ایکشن کمیٹی کے قائدین کی گرفتاریاں شروع کر دی گئیں، جبکہ قائدین کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن فیصل جمیل کشمیری سمیت 4 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
دوسری جانب پولیس ایکشن کی خبر ملتے ہی آپریشن کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر اپر اڈا شہید چوک میں عوام جمع ہونا شروع ہوگئے۔
شہر کے چوراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے اور مظاہرین کو سڑکوں پر آنے سے روکنے کیلئے پولیس اور انتظامیہ پوری طرح چوکس ہے، جبکہ دارالحکومت مظفرآباد میں مظاہرین اور پولیس میں تصادم کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔