آئینی ترامیم پاکستان کی بقاء، سلامتی اور ترقی کیلئے بہت ضروری ہیں: ڈاکٹر فروغ نسیم

کراچی: (دنیا نیوز) ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا کہ آئین میں ترامیم پاکستان کی بقاء، سلامتی اور ترقی کیلئے بہت ضروری ہیں۔

سابق وفاقی وزیر قانون ڈاکٹرفروغ نسیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا تجویز کردہ دراصل فرسٹ ڈرافٹ ہے، ہم آپ سے اپیل کرتے ہیں کہ اس حوالے سے جو بھی تجاویز ہیں وہ ہمیں ضرور دیں۔

ڈاکٹرفروغ نسیم نے کہا کہ بلدیاتی نظام اوراختیارات کا معاملہ ناکام کیوں ہے؟ بلدیاتی وسائل اور اختیارات صوبوں کو دینے سے پورا نظام ناکام ہوا، سپریم کورٹ نے صوبائی حکومت کو پابند کیا کہ اختیارات نیچے منتقل کریں، مگر صوبائی حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات پرعملدرآمد نہیں کیا۔

سابق وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ صوبوں کا وسائل اور اختیارات نیچے نہ دینے کا مقصد فنڈز کا اختیار اپنے پاس رکھنا ہے، اس حوالے سے صوبوں نے حلقہ بندیوں کے اختیارات اپنے پاس رکھ لئے، انہی اختیارات کے تحت صوبہ سندھ میں غیر منصفانہ حلقہ بندیاں کی گئیں۔

ڈاکٹرفروغ نسیم نے مزید کہا کہ یہاں ایک حلقہ تو نوے ہزار کا جبکہ دوسری طرف ایک دوسرا حلقہ پچیس ہزار پر بنایا گیا ہے، ان غیر منصفانہ حلقہ بندیوں سے آبادی کے حقوق غضب کئے گئے، صوبوں کے ہاتھ میں اضلاع اور شہروں کے اختیارات اور وسائل کی قانون سازی دینا ہی غلط ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں