پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونیوالا آٹھواں ملک ہے: انوار کاکڑ

دبئی: (دنیانیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے کہا ہے کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا آٹھواں ملک ہے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے پاکستان پویلین میں لیونگ انڈس انیشیٹو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کو یہاں خوش آمدید کہتا ہوں، یہاں ہم سب کی موجودگی ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے کاوشوں کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیونگ انڈس کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے ڈاکٹر عادل نجم کے کردار کو سراہتا ہوں، محکمہ فوڈ اینڈ کلچر اور زراعت کی شاندار خدمات کو سراہتا ہوں، محکمہ فوڈ اینڈ کلچر نے زراعت کی ترقی کیلئے شاندار کردار ادا کیا ہے۔

نگران وزیراعظم  نے کہا  کہ مشترکہ ذمہ داریوں اور ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نبردآزما ہوسکتے ہیں، پاکستان کے چیلنجز میں پانی بھی ایک بڑا چیلنج ہے، ماحول اور پانی کے چیلنجز سےمتعلق حکومت کی ترجیحات واضح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیونگ انڈس کے تحت سٹیک ہولڈرز سے مل کر کردارادا کرنا ہوگا، لیونگ انڈس ویژن کے باعث ہم اپنے مستقبل کو محفوظ کرسکتے ہیں، دریائے سندھ کو ایک آواز کی ضرورت ہے،ہم مل کر یہ آواز بنیں گے ، انڈس ہی ہے جو ہمیں خوراک فراہم کرتا رہا ہے۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ لیونگ انڈس ہمیں بتاتا ہے کہ 2030 تک11 سے 17ارب ڈالرکی ضرورت ہے ، ڈبلیو ڈبلیو ایف ، اے آئی ڈی، کوکا کولا فاؤنڈیشن اور گرین کلائمیٹ فنڈ کا اہم کردار ہے، فلیگ شپ منصوبہ عالمی ماحولیاتی فنانس کے تحت منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں مددگار ہوگا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی فنانس سے ہمارے کروڑوں شہریوں کو فائدہ ہوگا اورموسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں