انتظار کیجئے دانیال عزیز کی طرح تمام لوگ بلاول کی زبان بولیں گے: راجہ پرویز اشرف

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ تمام سیاسی جماعتوں کو ملنی چاہئے، الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ تمام جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دیں، انتظار کیجئے دانیال عزیز کی طرح تمام لوگ ہی بلاول بھٹو زرداری کی زبان بولیں گے۔

گوجرانوالہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اس ملک کو ووٹ کا حق دینے والا ذوالفقار بھٹو تھا، آج بھٹو کی پارٹی پھر عوام کی عدالت میں آ رہی ہے، پیپلزپارٹی عوام کی طاقت اور ووٹ پر بھروسہ رکھتی ہے، آپ کے پاس سب جماعتیں آئیں گی سب کو سنیں اور فیصلہ دل کا کریں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک کو آئین کس نے دیا؟ مزدور کا کس نے سوچا؟ اس بات کا ووٹ دیتے وقت خیال رکھنا، پنجاب پیپلز پارٹی کا آج بھی قلعہ ہے، میں ہمیشہ ایک بات کرتا ہوں ووٹ دینے کا بھی ایک مقصد ہونا چاہیے، ووٹ دے کر آپ ایسی حکومت بنائیں جو عوام کی خدمت کرے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے جھوٹ اور پراپیگنڈہ پر ووٹ نہیں دینا، آپ نے ووٹ کا فیصلہ صحیح کرنا ہے، چابی آپ کے ہاتھ میں ہے، جو کہتے تھے پیپلزپارٹی کمزور ہو گئی وہ آکر پیپلزپارٹی کے کارکنوں کا جذبہ دیکھیں، 8 فروری کو انتخاب ہے آپ نے اس ملک کی قسمت کا فیصلہ کرنا ہے، آپ نے فیصلہ کرنا ہے کہ کونسی جماعت اس ملک کی نمائندگی کر سکتی ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی برسر اقتدار آ رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری اس کا وزیر اعظم ہو گا، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ الیکشن میں سرپرائز دیا ہے، پیپلزپارٹی عوام کے ووٹ سے طاقت میں آتی ہے، بلاول بھٹو زرداری جلد گوجرانوالہ کا دورہ کریں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں