خصوصی افراد کی صلاحیتوں سے استفادہ کی ضرورت ہے، مشعال ملک
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ خصوصی ضروریات کے حامل افراد کی معاشرے میں پہچان ہے، ایسے افراد معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں، ہمیں ان افراد میں موجود ٹیلنٹ سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔
معذور افراد کے عالمی دن کے سلسلے میں پنجاب کونسل آف آرٹس راولپنڈی کے زیر اہتمام اور گورنمنٹ ڈگری کالج فار سپیشل ایجوکیشن کے تعاون سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد کی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کے لیے جامع طرز عمل اپنانے کی ضرورت ہے، ہماری تھوڑی سی مدد سے خصوصی افراد معاشرے کے متحرک رکن بن سکتے ہیں۔
تقریب میں فوکل پرسن سبین ملک، پرنسپل گورنمنٹ کالج فار سپیشل ایجوکیشن کاشف محمود، صدر مغل ویلفیئر ٹرسٹ مرزا مزمل مختار، بانی سپرنگ ایسوسی ایشن راجہ عمران حسین ،ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل، راولپنڈی وقار احمد اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے خصوصی طلبہ نے قومی ترانے، حب الوطنی پر مبنی نغمے، کلام اقبالؒ اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراج عقیدت پیش کر کے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔