پی ٹی آئی ٹوٹ پھوٹ کا شکار، عمران خان اپنے ہی لوگوں کے ہاتھوں پٹ رہے : بیرسٹر عقیل

اسلام آباد : (دنیا نیوز) مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنے ہی لوگوں کے ہاتھوں پٹ رہے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر قانون بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں آپس کی چپقلش چل رہی ہے، کبھی ایک اور کبھی دوسرے گروپ کی جانب سے پارٹی پر قبضے کی کوشش جاری ہے، ایک طرف بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ جبکہ دوسری جانب سابق خاتون اول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی اور علیمہ خان کی آپس کی نوک جھونک پارٹی میں انتشار پیدا کررہی ہے، ایسی نوک جھونک اور چپقلش کی مثال سٹار پلس کے ڈراموں میں بھی نہیں ملتی، بانی پی ٹی آئی اپنے ہی لوگوں کے ہاتھوں پٹ رہے ہیں، اس پارٹی کا کوئی حال نہیں ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ یہ انتشاری ٹولہ اب اختلافی ٹولے میں بدلتا جارہا ہے، یہ انتشاری ٹولہ آپس میں لڑ مر کر ختم ہوجائے گا، ان کی آپس کی چپقلش منظر عام پر آگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پارٹی اندر سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، یہ کہتے ہیں پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، کچھ دن بعد مزید کئی فارورڈ بلاکس اور گروپس سامنے آئیں گے۔

مشیر قانون کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت میں چاند چڑھائے جارہے ہیں، یہ پارٹی کرپشن فری پاکستان کا پرچار کرتی تھی، یہ لوگ گزشتہ 12سال سے خیبرپختونخوا کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ علی امین گنڈا پور کو بزدار پلس اور بزدار ٹو کہا جائے تو اس میں کوئی شک نہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی پرفارمنس صفر ہے، جتنی ہلڑ بازی کرانی ہے ان سے کروالیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں