وزیراعظم کا بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزرمحمد یونس سے رابطہ، عہدہ سنبھالنے پرمبارکباد

اسلام آباد :(دنیانیوز) وزیراعظم شہبازشریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائرز محمد یونس کےدرمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ٹیلی فونک رابطے میں ڈاکٹر محمد یونس کو چیف ایڈوائزر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ، انہوں نے ڈاکٹر محمد یونس کے بنگلہ دیش کی سماجی و اقتصادی ترقی میں  ادا کیے جانیوالے کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا، وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہبازشریف  نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات، ثقافتی تبادلوں اور عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ٹیلی فونک رابطے میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا،  پروفیسر محمد یونس نے ٹیلیفون کال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کو خط لکھتے ہوئے سیلابی صورت حال پر بنگلہ دیش کو مدد کی پیشکش بھی کی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں