کراچی: سائٹ ایریا ٹریفک حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی

کراچی: (دنیانیوز) سائٹ ایریا باوانی چالی پر گزشتہ روز پیش آنے والے حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔

فوٹیج میں سائٹ باوانی چالی روڈ پر گاڑیوں کی آمد و رفت کو دیکھا جاسکتا ہے ، اچانک تیز رفتار بس آگے چلنے والی چار سے پانچ موٹر سائیکلوں کو ٹکر مارتی ہے ، بس موٹر سائیکلوں کو روندتے ہوئے آگے چلنے والے شہزور ٹرک سے ٹکراتی ہے۔

حادثے کے فوری بعد بس سے فیکٹری ملازمین خواتین کو اترتے دیکھا جاسکتا ہے ، اس حادثے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 5 خواتین سمیت 9 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق حادثے کے بعد فرار ہونے والے بس ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا، ڈرائیور کے خلاف قتل بالسبب کا مقدمہ درج کرلیا گیا، بس کے مالک نے ایل ٹی وی لائسنس پر ڈرائیور جنید کو بس دی ہوئی تھی،بس کے مالک کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں