پی ٹی آئی ’کپتان نہیں تو پاکستان نہیں ‘ کے ایجنڈے پر قائم ہیں: شرجیل میمن

کراچی :(دنیا نیوز) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ’ کپتان نہیں تو پاکستان نہیں ‘ کے ایجنڈے پر قائم ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ یہ ماضی کی طرح ملکی حالات خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں،ایک شخص ہے جو پورے پاکستان کو پریشان کرنا چاہتا ہے اور پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس شخص کو پاکستان پر مسلط کیا گیا، جو ملکی سلامتی کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، ایک صوبے کا وزیراعلیٰ مسلح جتھہ لے کر وفاق پر حملے کی کوشش کررہا ہے، ان کے پاس ہتھیار، غیر ملکی افغانی بھی ہیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اہم اجلاس ہونے جارہا ہے، ملائیشین وزیراعظم اور وفد نے پاکستان کا دورہ کیا، یو اے ای کے سفیر اور قونصل جنرل نے سندھ آرکائیو ڈیپارٹمنٹ، موہٹا پیلس اور آرٹس کونسل کا دورہ کیا، فلسطینیوں سےاظہار یکجہتی کیلئےایس سی او کانفرنس بلائی جارہی ہے، ہمیں اس وقت فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ اسلام آباد میں پہلے کچھ مسلح لوگ پہنچا دیئے گئے تھے جو اب باہر نکل رہے ہیں، اسلام آباد میں آنے والے لوگ خیبرپختونخوا کے وسائل سمیت آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کل ان کے مشیر نے کہا کہ جے شنکر ان کے احتجاج میں آکر خطاب کرے، کل کو یہ کہیں گے کہ نیتن یاہو بھی پاکستان آکر خطاب کرے، زیک گولڈ سمتھ کی مہم بانی پی ٹی آئی نے چلائی تھی، زیک گولڈ سمتھ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ دنیا میں امید کی واحد کرن اسرائیل ہے اور اسرائیل اپنے دفاع کی جنگ لڑ رہا ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا ہے کی زیک گولڈ سمتھ کی مہم چلانا، اس کے بیان کی مذمت نہ کرنا اور جے شنکر کو دعوت دینا سب ایک کڑی ہے، پی ٹی آئی کے اسمبلی ممبرز ان کے حق میں بول رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ پاکستان ایک گلدستہ ہے جس میں بانی پی ٹی آئی نفرت کی آگ بھر رہا ہے، پاکستان ایٹمی ملک، کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان کے دشمن براہ راست حملہ نہیں کرسکتے،یہ میں نہیں کہہ رہا، ڈاکٹر اسرار احمد اور حکیم سعید نے کہا تھا، لیکن یہ جان لیں پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو غلط طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے، ان کے مظاہروں میں افغانستان سے لائے گئے لوگ زیادہ ہوتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے اگر یہ تحریک چلانی ہے تو اپنے بچوں کو پاکستان بلوا کر اس تحریک میں شامل کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں