اللہ کا شکر ہے مخالفین اعتراف کر رہے ہیں ن لیگ کی ہوا چل پڑی: مریم نواز
کالا شاہ کاکو: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے مخالفین اعتراف کر رہے ہیں ن لیگ کی ہوا چل پڑی ہے، کارکردگی اور ترقی میں مسلم لیگ ن کا پلڑا بھاری تھا ہے اور رہے گا۔
کالا شاہ کاکو میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں کسانوں کیلئے 5 ارب روپے کی لاگت سے 5 ہزار سپر سیڈر کی تقسیم کا آغاز کر دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ کسان میرے دل کے بہت قریب ہیں، پنجاب کی ترقی کا راستہ کھیتوں سے ہو کر گزرتا ہے، میری زراعت کی ٹیم مجھ سے ایک قدم آگے چل رہی ہوتی ہے، زراعت ایسا شعبہ ہے جس کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سموگ ایک اژدھا ہے جو سر اٹھاتا ہے، سموگ کا مسئلہ حل کرنے میں کئی سال لگ جائیں گے، سپر سیڈر سے سموگ میں کمی آئے گی، سپر سیڈر سے فصلوں کی باقیات جلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
’’سموگ کیلئے بھارتی پنجاب میں بھی اقدامات ہوں تو فائدہ ہوگا‘‘
ان کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب کو سموگ کے خاتمے کیلئے دن رات کام کرنے پر شاباش دیتی ہوں، سموگ کیلئے بھارتی پنجاب میں بھی اقدامات ہوں تو دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا، سموگ کے کنٹرول کیلئے ہر وہ قدم اٹھا رہے ہیں جو پہلے کسی نے نہیں اٹھایا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ ہماری رئیل ٹائم مانیٹرنگ جاری ہے، کنٹرول روم میں دیکھا جا رہا ہے کہ کونسی چمنی سے کالا دھواں نکل رہا ہے، انشاء اللہ آئندہ سالوں میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لئے بہت ساری مشینری کی تقسیم کا آغاز کر چکے ہیں، مزید بڑھائیں گے، دی جانے والی مشینری جاپان کی ہے جس کی مالیت 60 لاکھ روپے تک ہے، کسان مہنگی مشینری نہیں خرید سکتا، ہم 40 بلین کی لاگت سے پنجاب کی ہر تحصیل میں مشینری کرائے پر زیرو منافع پر دینے جا رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں بلیک میلنگ کا ایک سلسلہ چل پڑتا ہے، لوگ کسانوں سے منہ مانگا رینٹ وصول کرتے ہیں، کسان بھائیوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھایا جاتا ہے، ہم زیرو پرافٹ پر ہر تحصیل میں مشینری فراہم کریں گے، ہم 4 شہروں میں ایگریکلچر مال بنانے جا رہے ہیں، معیاری بیج، کھاد اور پیسٹی سائیڈ ایک ہی چھت کے نیچے ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور کسان کے درمیان غلط فہمی پیدا کرنے کی سازش کی جا رہی تھی، چاہے وہ حکومت میں ہوں یا باہر ان کو فساد کی عادت ہے، اب وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ان کو حکومت نہیں ملی، اگر وہ حکومت میں ہوں یا نہ ہوں گالم گلوچ، فتنہ اور فساد پھیلاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کل کسانوں کو گرین ٹریکٹرز دیئے جائیں گے، ٹریکٹرز 30 سے 40 لاکھ روپے مالیت کا ہے، 10 لاکھ حکومت پنجاب ادا کرے گی، ہمارے مخالفین اب باتیں کرنے لگ گئے ہیں وہ مجھ تک پہنچتی ہیں، مخالفین کہتے ہیں پنجاب آگے بڑھ رہا ہے، ترقی کررہا ہے، وہ کہتے ہیں ہمارے وزیراعلیٰ کو دیکھ لو، مار دو،جلا دو،بدتہذیبی۔
’’ن لیگ کے سوا کسی کو کام کرنا نہیں آیا، مخالفین صرف نقل کر سکتے ہیں‘‘
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے مخالفین کہتے ہیں مسلم لیگ ن کی ہوا چل پڑی ہے، کارکردگی، ترقی میں مسلم لیگ ن کا پلڑا بھاری تھا ہے اور رہے گا، کام کرنا مسلم لیگ ن کے علاوہ کسی کو آتا نہیں، مخالفین صرف نقل کر سکتے ہیں، نقل کیلئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے، جنگلہ بس کہتے کہتے خود بھی جنگلہ بس بنا دی، میں کہتی تھی کہ جنگلہ بستی چلتی کم ہے جلتی زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی، مہنگائی کم اور ملک ترقی کرنا شروع ہوگیا ہے، غیر ملکی سربراہان پاکستان آ رہے ہیں، ایک جمود کی فضا پھیلی ہوئی تھی، پاکستان اب اس سے باہر نقل رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے مخالف کی ہیڈلائن ہوتی ہے چیف جسٹس کو نہیں مانتے، 26 ویں ترمیم کو نہیں مانتے، ایک دن پہلے فرما رہے تھے چیف جسٹس کو نہیں مانتے، اگلے دن تقریب حلف برداری میں سامنے والی لائن میں بیٹھے ہوئے تھے۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ چاہ رہے تھے کہ 4 سالوں میں اتنی تباہی کر دیں گے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کچھ نہیں کر سکے گی،باتوں سے لوگوں، کسان کا پیٹ نہیں بھرتا، عملی کام کرنے پڑتے ہیں۔