توشہ خانہ کیس : عمران خان اور بشریٰ بی بی پر آج پھر فرد جرم عائد نہ ہو سکی
راولپنڈی: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس ٹو میں آج پھر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔
اڈیالہ جیل میں سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ سابق خاتون اول بھی کیس کی سماعت کے سلسلے میں اڈیالہ جیل آئیں۔
دوران سماعت بیرسٹر سلمان اکرم راجہ ، سلمان صفدر اور عثمان گل کی جانب سے وکالت نامے جمع کروائے گئے، وکلاء نے توشہ خانہ کیس ٹو میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں دائر کر دیں۔
یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ کیس ٹو: عمران خان کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت
ایف آئی اے پراسیکیوشن ٹیم نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جان بوجھ کر فرد جرم عائد نہیں ہونے دی جا رہی، بریت کی درخواست فائل ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کیس پر سماعت نہ ہو سکے۔
بعدازاں عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی۔