سیاسی مسائل کا حل سیاسی طریقے سے ہی تلاش کرنا ہوگا: بیرسٹر گوہر
اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہرنے کہا ہے کہ سیاسی مسائل کا حل سیاسی طریقے سے ہی تلاش کرنا ہوگا۔
بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بات تب آگے بڑھے گی جب ہمارے مطالبات پر کھل کر بات ہو، ہمارے شکوے شکایتیں دور کی جائیں، ہم خود سے کوئی کام نہیں کرتے، بانی پی ٹی آئی سے ہدایات لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہدایات پر عمل درآمد کرکے رپورٹ عمران خان کے سامنے رکھتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے ہی کمیٹی بنائی اور کمیٹی کو مینڈیٹ دیا۔
بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ اگر اس میں پیشرفت ہوجاتی ہے تو بہت اچھی بات ہے، سیاسی مسائل کا حل سیاسی طریقے سے ہی تلاش کرنا ہوگا۔