بلاول بھٹو سے معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات، عوامی منصوبوں پر بریفنگ

کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی قاسم نوید قمر نے ملاقات کی، قاسم نوید قمر نے سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔

قاسم نوید قمر نے بریفنگ میں بتایا کہ سندھ میں ساڑھے چھ ارب روپے سے زائد کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ، ملا کٹیارپُل، حیدرآباد میرپور خاص کیرج وے اور سندھ نیشنل پاور کمپنی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے منصوبے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کو بتایا گیا کہ جرمنی کے سرمایہ کار سندھ میں زراعت اور پانی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، جرمنی کے سرمایہ کار سندھ میں الیکٹرانک گاڑیوں کے چارجنگ کے انفراسٹرکچر پر بھی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ملک کی ترقی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن تھا، سندھ میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کی کامیابی سے تکمیل پاکستان کی کامیابی ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد ایک امید افزا پیشرفت ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں