حیدر آباد میں 3 روز سے جاری وکلاء کا دھرنا ختم، ٹریفک بحال

حیدر آباد: (دنیا نیوز) حیدر آباد میں مقدمے کے تنازع پر 3 روز سے جاری وکلاء کا دھرنا ختم کر دیا گیا۔
صدر سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے حیدر آباد میں 3 روز سے جاری وکلاء کا دھرنا مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ختم کرنے کا اعلان کیا۔
وکلاء کے مطالبے پر ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ علی لنجار کا تبادلہ کر دیا گیا۔
ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ علی لنجار کے تبادلے کے بعد وکلاء نے قومی شاہراہ پر جاری دھرنا ختم کر دیا جس کے بعد ٹریفک بحال ہوگئی۔
واضح رہے کہ 3 روز قبل ایک وکیل پر مقدمے کے اندراج کے خلاف حیدر آباد بائی پاس پر وکلاء نے دھرنا دے دیا تھا جس سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی تھی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے سے سیکڑوں مسافر پھنس کر رہ گئے تھے۔